۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ ساجد نقوی 

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ مباہلہ دین ِخدا کی صداقت و حقانیت کو ثابت کرنے کے لئے میدان عمل میں آنے کا دن ہے جس کی وجہ سے دین ِحق کا انکار کرنے والوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 24ذی الحجہ”یوم مباہلہ“ کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہاکہ قرآن ِکریم کی روشنی میں اسلام کی سربلندی کیلئے انتہائی اہمیت اورعظمت کاحامل یہ دن خاصان ِخدا کی طرف سے دین ِخدا کی صداقت و حقانیت کو ثابت کرنے کے لئے میدان عمل میں آنے کا دن ہے جس کی وجہ سے دین ِحق کا انکار کرنے والوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔وحی ِالہٰی کے مطابق روزِ مباہلہ پیغمبر گرامی نے یہ بات رہتی دنیا تک کے لئے واضح کردی کہ بھٹکی ہوئی انسانیت کے لئے اگر کوئی ہدایت کامینارہے تو وہ خانوائہ رسالت ہی ہے۔کیونکہ خانوادئہ رسالت نے اپنے عمل و کردار کے ذریعہ دنیائے عالم کی رشد و ہدایت کا سامان فراہم کیا اور معاشرے میں بدی کی قوتوں کے خلاف جدوجہداورنظام عدل کے قیام میں بلاتفریق مذہب ،رنگ اور نسل ‘ انسانیت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ دین ِکامل کو خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین دین قرار دیا گیا ،اُس کی ترویج و اشاعت کے لئے رحمت اللعالمین جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کئے اور اُس کی سچائی کو دنیائے عالم پر واضح کرنے کے لئے رسول خدا اپنے اہل بیت اطہار ؑ کے ہمراہ مباہلے کے لئے نکل پڑے ؛ یہ امر عالم ِ انسانیت کو اِس جانب متوجہ کرتا ہے کہ جلد یا بدیر بالآخر دین ِحق کی جانب ہی رخ کرنا پڑے گا کیونکہ دین ِاسلام ہی بالآخر انسان کی دُنیوی و اُخروی فلاح و نجات کا ضامن ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہاکہ یہ امر خاص طور پر توجہ کا طالب ہے کہ یوم ِمباہلہ کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اِس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ دین ِ حق کی سربلندی اور ترویج کے لئے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھیں گے اور راہ ِحق پر عمل پیرا ہوکر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کوبہتر بنانے کی سعی و کوشش کریں گے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .